لاہور(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی اتوار کو یوم یکجہتی بلوچستان منائے گی،سانحہ سیالکوٹ میں ملوث افراد کو کڑی سزا دی جائے ، بلدیاتی الیکشن اور عام انتخابات میں اپنے جھنڈے ، انتخابی نشان ترازو اور منشور "اسلامی پاکستان- خوشحال پاکستان" کے تحت حصہ لیں گے ، پی ٹی آئی کی الیکشن ریفارمز منظور نہیں ،جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشتیبان ہے ، نام نہاد بڑی اپوزیشن جماعتیں اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہی ہیں ، پی ٹی آئی مکمل طور پر ناکام ہو گئی ۔ یہ فیصلے اور اعلانات جماعت اسلامی کے منصورہ میں ہونے والے مرکزی نظم کے اجلاس میں کیے گئے ۔ سراج الحق نے چھ گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی اور عام انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوجوانوں کو یونین کونسل کی سطح پر منظم کیا جائے گا،جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں بھی اہل، پروفیشنل، دیانت دار قیادت کو ٹکٹ دے گی ۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں مافیاز کا راج ہے ،وسیع تر قدرتی وسائل کے باوجود بلوچستان کے عوام بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں، "گوادر کو حق دو تحریک" کی بھرپور تائید کرتے ہیں، حکمران بلوچ عوام کی بات سنیں، مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں ، گوادر تحریک کو سی پیک کی مخالفت سے جوڑنے والے پروپیگنڈا کر رہے ہیں ، حکمران اشرافیہ کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ۔ انہوں نے ایک دفعہ پھر سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ ملک کی دولت لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کرے ۔