لاہور، قصور ، فقیروالی، سانگلہ ہل ( سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ان) مغل پورہ انڈر پاس کے نیچے ٹریفک حادثہ میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، موٹر سائیکل سوار نوجوان اپنے دوست عامر کے ساتھ جا رہا تھا ، انڈرپاس کے نیچے اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئے ، نوجوان موقع پر دم توڑ گیا ، دوست عامر زخمی ہوگیا، ٹرالی ڈرائیو فرار ہو گیا۔ قصور میں تیز رفتار وین کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی، دو افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے ، چارہ لے جانے والا ٹرالر ٹائر خراب ہونے کی وجہ سے فیروز پور روڈ پر کھڑا تھا، قصور سے لاہور آتی وین اس سے ٹکرا گئی ، وین ڈرائیور شہزاد اور وین کا مالک شرافت چل بسے ، دونوں کا تعلق کنگن پور سے تھا۔ فقیروالی میں مسافر بس کا ہیلپر بس کی چھت سے گر کر جاں بحق ہو گیا ، 26سالہ شہزاد عاشق نواحی گائوں کھاٹاں کے قریب چلتی بس کی چھت سے نیچے گر گیا اور گرتے ہی موقع پر دم توڈ گیا۔ سانگلہ ہل میں شاہکوٹ سانگلہ ہل روڈپررکشہ اورموٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجہ میں 30 سالہ خاتون شازیہ جاں اور ہندونوجوان پرکاش اورافتخارشدیدزخمی ہوگئے ۔