سرینگر، لندن (صباح نیوز) کشمیری رہنمائوں نے برطانیہ میں سکھوں کے گوردوارے پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی ایجنسیوں کی کارروائی قراردیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے برطانیہ میں سکھوں کے گوردوارے پر حملے کی سخت مذمت کی ہے، سرینگر سے جاری کئے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حملے پریشان کن ہیں جن کا مقصد مسلمان، سکھوں میں تفریق پیدا کرنا ہے یہ واقعہ بہت تکلیف دہ ہے کیونکہ سکھوں نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے عوام کے منصفانہ نصب العین کی حمایت کی ہے ۔ جموں و کشمیر یوتھ سوشل فورم کے چیئرمین عمر عادل ڈار نے بھی ایک بیان میں ڈربی میں گورو ارجن دیو گوردوارے پر حملے کی مذمت کی،تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے بھی برطانیہ میں سکھوں کے گوردوارے پر حملے کی مذمت کی۔