کوئٹہ ، اسلام آباد،لاہور (سٹاف رپورٹر ، کرائم رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیٹ نیوز )کوئٹہ میں ڈفرن ہسپتال کے قریب بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور14 زخمی ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق ریموٹ کنٹرول بم موٹر سائیکل میں نصب تھا ۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور فورسز کی ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق میکانگی روڈ پر ہونے والے دھماکے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ۔ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔صدر، وزیراعظم، آرمی چیف ، وفاقی وزیر داخلہ و دیگر نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا شرپسند عناصر کو نا پاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ اسطرح کے بزدلانہ واقعات سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے ناکام ہوں گے ۔ دھماکے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔دریں اثناء آئی جی پنجاب نے کو ئٹہ دھماکے کے بعد صوبہ بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا ۔آئی جی نے ہدایت کی کہ عوامی مقامات کے گرد و نواح میں ڈولفن، پیرو و دیگر پٹرولنگ فورسز کے گشت کے اوقات کار کو بڑھایا جائے اور تمام اضلاع میں سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے ۔