اسلام آباد(لیڈی رپورٹر، سپیشل رپورٹر ، 92 نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان کیلئے ایک اور اعزاز ،وزیراعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کی صدارت کریں گے ،ورلڈ اکنامک فورم کا اہم اجلاس آج سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہوگا۔ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کی سربراہی کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کو پہلی مرتبہ سونپی جائے گی۔وزیر اعظم اسلام آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے ورلڈ اکنامک فورم کی صدارت اور خطاب کریں گے ۔ اجلاس میں دنیا بھر کے سربراہان مملکت اور عالمی رہنما شریک ہوں گے ۔ وزیراعظم عمران خان کورونا وبا کیخلاف پاکستانی اقدامات کے بارے میں آگاہ کریں گے ۔لاک ڈاؤن کے بعد تعمیراتی صنعت کو ریلیف ،کمانڈ اینڈ، آپریشن سنٹر، این ڈی ایم اے کی خدمات پر بات کریں گے ۔کمزور معاشی حالات میں بھی کروڑوں پاکستانیوں کو امداد کیسے پہنچائی گئی، وزیر اعظم اپنے خطاب میں بتائیں گے ۔وزیر اعظم احساس ایمرجنسی کیش پروگرام، بیروزگاروں کیلئے فنڈز مختص کرنے پر بات کریں گے ۔گرین نگہبان منصوبے کے تحت 60 ہزار نوکریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے گا۔عمران خان درخت لگانے کیلئے مزید دو لاکھ نوکریاں دینے کے منصوبے پر بات کریں گے ۔وزیر اعظم ٹائیگر فورس کے 10 لاکھ رضاکاروں کے منصوبے کو دنیا کے بڑے فورم پر اٹھائیں گے اور کورونا جیسے چیلنج سے نمٹنے کیلئے دنیا کو نئی تجاویز بھی دیں گے ۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات اور اس فنڈ سے رقوم کا اجرا احساس ڈیٹا سے مکمل شفافیت سے کیا جا رہا ہے ۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کے باعث بے روزگار ہونے والے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام فور کیلئے مستحق افراد سے گزشتہ روز ملاقات ہوئی۔ اس فنڈ میں عطیہ کئے جانے والے ہر ایک روپے پر حکومت 4 روپے اپنی طرف سے دے گی۔ کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات اور اس فنڈ سے رقوم کا اجرامکمل شفافیت سے کیا جا رہا ہے ۔ اس ضمن میں درخواستیں ویب سائٹ ehsaaslabour۔nadra۔gov۔pk/ehsaass پر جمع کرائی جا سکتی ہیں۔وزیراعظم سے وزیر برائے انسداد منشیات اعظم خان سواتی نے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزارت انسداد منشیات سے متعلقہ امور پر گفتگو کی گئی ۔اعظم سواتی نے وزارت کی کارکردگی اور منشیات کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔