لندن (غلام حسین اعوان )انگلینڈ نے ورلڈ کپ2019 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں بھی میچ ٹائی ہونے کے بعد باؤنڈریز کی بنیاد پر شکست دے کرپہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا،کرکٹ ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار کسی میچ کا فیصلہ کرنے کے لئے سپر اوور کا انتخاب کیا گیا، انگلینڈ نے سپر اوور میں 15 رنز بنائے ، جواب میں نیوزی لینڈ بھی 15 رنز بنانے میں کامیاب ہوگیا تاہم بائونڈریز کی بنیاد پر انگلینڈ کو کامیابی مل گئی ،انگلینڈ کے بین سٹوک مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں10 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے ، میچ کی آخری گیند پر ڈبل لینے کی کوشش میں برطانوی بلے بازمارک ووڈ رن آؤٹ ہوگئے ۔ فائنل میچ میں بظاہر آسان ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن شروع میں مسائل کا شکار نظر آئی اورنیوزی لینڈ کے باؤلرز نے صرف 86 کے مجموعی سکور پر حریف ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹادیا۔ بلیک کیپس کو پہلی کامیابی اوپنر جیسن رائے کی شکل میں 28 کے مجموعی سکور پر ملی جس کے بعد 59 پر ون ڈاؤن آنے والے جوئے روٹ بھی چلتے بنے ۔ نیوزی لینڈ کو اگلی کامیابی 71 کے مجموعی سکور پر جونی بیرسٹو کی شکل میں ملی تو 86 پر فرگوسن نے انتہائی مشکل کیچ پکڑ کر انگریز کپتان این مورگن کو صرف 9 رنز پر ہی چلتا کیا۔ٹیم پریشر میں آئی تو بین سٹوکس اور جوس بٹلر نے ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا اور 110 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ انتہائی ضروری وقت میں بڑی پارٹنر شپ کے باعث میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا اور نیوزی لینڈ کے ہاتھ سے میچ جاتا ہوا محسوس ہوا۔ 196 کے مجموعی سکور پر جوس بٹلر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کے باؤلرز کی جان میں جان آئی اور انہوں نے ایک کے بعد ایک وکٹ اڑانا شروع کردیں۔آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے اور سامنے 70 سکور بنانے والے بین سٹوکس کھڑے تھے ۔ نیشم کے اوور کی پہلی 2 گیندیں ضائع کرنے کے بعد بین سٹوکس نے تیسری گیند پر چھکا جڑ دیا ، اگلی گیند پر بین سٹوکس نے ڈبل کی کوشش کی تو تھرو کے دوران انہیں گیند لگی اور گیند باؤنڈری کے باہر جاپہنچی، یوں اس گیند پر بھی انگلینڈ کو 6 رنز مل گئے ۔ میچ کی آخری گیند پر ڈبل کی کوشش میں برطانوی بلے باز ووڈ رن آؤٹ ہوگئے جس کے باعث میچ برابر ہوگیا اور معاملہ سپر اوور پر پہنچ گیا۔قبل ازیں نیوزی لینڈ نے ورلڈکپ 2019 کے فائنل میچ میں برطانیہ کی مضبوط بیٹنگ لائن والی ٹیم کو 242 رنز کا بظاہر آسان ہدف دیا تھا۔نیوزی لینڈ نے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے فائنل میچ میں کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا لیکن مجموعی طور پر ٹیم نے اچھا سکور کیا۔ بلیک کیپس کے ہنری نکولس 55 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ ٹام لیتھم نے 47 رنز بنائے ۔ علاوہ ازیں کپتان کین ولیمسن نے 30، نیشم اور گپٹل نے 19، 19 اور گرینڈ ہوم نے 16 رنز سکور کیے ۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور پلنکٹ نے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ جبکہ جوفرا آرچر اور مارک ووڈ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔