واشنگٹن(آن لائن) متعدی امراض کے امریکی ماہر نے رواں برس کورونا وائرس کا مکمل خاتمہ نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کے مشیر صحت، وہائٹ ہائوس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن اور امریکہ کے قومی ادارہ برائے الرجی اور متعدی امراض کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فائوچی نے ایک امریکی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ غالب امکان ہے کورونا وائرس موسمی نوعیت اختیار کرلے گا کیوں کہ عالمی سطح پر اس کی مکمل بیخ کنی ممکن نظر نہیں آتی۔ڈاکٹر فائوچی نے کہا اس سال پوری دنیا سے کورونا وائرس وبا کا خاتمہ مشکل نظر آتا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ زکام کے اگلے موسم میں یہ وبا امریکہ میں ایک بار پھر سر اٹھا سکتی ہے ۔