مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی) قبلہ اول کے امام اورخطیب الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ زکوٰۃ کا مال کورونا کے مریضوں کے علاج اور ان کی بحالی پرصرف کیا جاسکتا ہے ۔صاحب ثروت افراد کو اپنے مال زکوٰۃ کے اخراج کے لیے رمضان المبارک کا انتظار نہیں کرنا چاہیے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے ایک تحریر فتوے میں ڈاکٹر الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ ہم تمام دولت مند اورصاحب ثروت افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ رمضان المبارک سے قبل ہی زکوٰۃ کی رقم ادا کریں تاکہ کورونا کے متاثرین کی مدد کی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ اسلام کا ایک رکن ہے اور اس رکن کی ادائیگی کے لیے تمام صاحب نصاب مسلمانوں کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے ۔الشیخ صبری کا کہنا تھاکہ کورونا کی وجہ سے اس وقت فلسطینی قوم معاشی مشکلات کا بھی شکار ہے ۔ پوری اسلامی دنیا میں مسلمان معاشی مسایل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے میں صاحب ثروت لوگوں کو جلد سامنے آنے چاہئیں۔