مکرمی! اقوام متحدہ میں عمران خان کی تقریر نے کشمیر یوں کے دل جیت لئے ہیں۔ عمران خان نے کلمہ پڑھ کر اقوام متحدہ کو بتادیا ہے کہ کسی بھی صورت میں کشمیر پر پسپائی اور دستبرداری اختیار نہیں کریں گے۔اگر ہمیں جنگ میں دھکیلا گیا تو نیوکلیئر جنگ صرف اس خطے نہیں،بلکہ پوری دنیا کو متاثر کرسکتی ہے۔ مسئلہ کشمیر اب دو ممالک سے زیادہ انسانی حقوق کامسئلہ ہے۔ 60 دنوں سے 80 لاکھ انسان کرفیو میں زندگی بسر کرنے پر مجبور رکھے گئے ہیں جنہیں اب بنیادی انسانی ضروریات بھی میسر نہیں ہیں۔ تیرہ ہزار سے زائد نوجوانوں کو ان کے گھروں سے اغوا کیا گیا ہے۔ خواتین کی عصمت دری کی جاری ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان اسی لاکھ کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائیں جو گزشتہ 73 سالوں سے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ کشمیریوں کی تیسری نسل انڈین آرمی کی طرف سے روا ںظلم و ستم کے خلاف برسر پیکار ہے۔ کشمیری اب انڈیا سے سفارتی سطح پر بات کرنے کی بجائے ایک قدم آگے بڑھنے کے حق میں ہیں اسلئے کہ انڈیا نے ہمیشہ میز پر بات کرنے کو پاکستان کی کمزوری سمجھا ہے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے ان کے شانہ بشانہ رہے گی اور کشمیر کی آزادی تک ہم جدوجہد جاری رکھیں گے۔ (محمداسلم قائم خانی)