لاہور،راولپنڈی(نامہ نگار خصوصی،92نیوز رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے فہم و تدبیر انتظامی صلاحیتوں اور فوری اقدامات کے نتیجے میں پنجاب میں آٹے کے نام نہاد بحران کی کیفیت اور صورت حال کا مصنوعی واویلا مچانے والوں کی سازشیں اور افواہیں دم توڑ گئی ہیں اور سازشوں کے جال بننے والے ایک کان بند کر کے سن لیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پانچ برس تک وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے ۔انہوں نے پر یس کلب راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران پہلے تھا نہ اب ہے او ر جن مفاد پرستوں نے اس قسم کی صورت حال پیدا کرنے کی سازش کی ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے کہا کہ فلور ملز اور چکی کے آٹے میں پانچ سے 10روپے کی قیمت کا فرق ہوتا ہے ۔لیکن اس صورت حال کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔پنجاب میں ٹیکسوں کی وصولی کی شرح 104فیصد ہے ۔35فیصد بجٹ جنوبی پنجاب پر خرچ کیا جارہا ہے ۔جس سے آب جنوبی پنجاب کا کوئی گلہ شکوہ باقی نہیں رہا۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے نحوست بھر ے دھرنے نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا اور اس ایشو سے توجہ ہٹائی۔