کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے الیکشن رزلٹس پر اعلیٰ سطحی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اور صوبائی حلقوں پر ہمارے امیدواران کی جیت کوتاخیری حربے استعمال کرکے ہار میں تبدیل کیا گیا ، اس میں ملوث آراوز اور دیگر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے ، وزیر اعلیٰ بلو چستان کا عہدہ ہمارا حق ہے ملا تو ٹھیک ورنہ اس کے لئے بھیک نہیں ما نگیں گے ،کوئٹہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آر اوز کے پاس چیلنج کیا ہے دیگر فورمز پر بھی اسے چیلنج کرینگے ، جن حلقوں پر سیاسی جماعتوں اور آزادامیدواران کو خدشات اور تحفظات ہیں انہیں دوبارہ کھولا جائے ، صوبائی و مرکزی سطح پر مذاکرات کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں جو مختلف جماعتوں اور آزادامیدواران کے ساتھ مذاکرات کرینگے ، ابھی صوبے یا مرکز میں رہنے کا فیصلہ نہیں کیا ہمارے فیصلے پارٹی اور ادارے کرتے ہیں وہ جو فیصلہ کرینگے اسے تسلیم کرینگے ، لاپتہ افراد کی بازیابی ،امن وامان کا قیام ،کرپشن کا خاتمہ اور ساحل وسائل پر اختیار اور کینسر ہسپتال کا قیام ہمارے مطالبات میں شامل ہیں جوبھی اسے تسلیم کرے اس کے ساتھ بات کرنے کو تیار ہیں ۔صوبے یا مرکز میں رہنے کا فیصلہ نہیں کیا ، ہمارے فیصلے پارٹی اور ادارے کرتے ہیں۔