لاہور(خصوصی رپورٹر؍مانیٹرنگ ڈیسک) نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حلف اٹھالیا، قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں نامزد گورنر پنجاب چودھری سرور، ارکان اسمبلی،سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری،سابق نگران وزرائ، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس ، سرکاری افسران سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب حلف اٹھانے کے بعد گورنر ہاؤس سے وزیراعلیٰ آفس پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ آفس کے افسروں اور عملے سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ نے افسروں اور عملے سے فرداً فرداً ہاتھ ملایا۔ سردار عثمان بزداراسلام آباد سے آمد کے بعد ائیر پورٹ سے حلف اٹھانے کیلئے ذاتی کارپر گورنر ہاؤس پہنچے ۔وزیراعلیٰ نے گورنرہائوس جانے کے لئے سرکاری گاڑی استعمال نہیں کی اور اپنی ذاتی کار میں گورنر ہاؤس آئے ۔انہوں نے کہا اپنے قائد وزیراعظم عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سادگی اختیار کریں گے ، قوم کا پیسہ قوم پر ہی خرچ ہوگااور سرکاری وسائل کو امانت سمجھ کر دیانتداری سے خرچ کریں گے ۔ حلف اٹھانے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب دوبارہ اپنی ذاتی کار میں بیٹھے اور گورنر ہاؤس سے وزیراعلیٰ آفس روانہ ہوئے ،اس طرح وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے سادگی اور بچت کی نئی مثال قائم کردی۔دریں اثنائوزیراعلیٰ پنجاب نے کہا وہ عمران خان کے سپاہی ہیں اور صوبے کو عمران خان کے ویژن کے مطابق چلائیں گے ،عمران خان کے 100دن کے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ۔انہوں نے کہا تبدیلی سب کو نظر آئے گی،کبھی کوئی غلط کام کیا نہ کسی کو کرنے دوں گا،اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے ،تمام فیصلے مشاورت اور اتفاق رائے سے کئے جائیں گے ،صوبے میں غیر ضروری اخراجات کو کم کیا جائے گا،ہر سطح پر سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دیں گے ۔انہوں نے کہا اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وزارت اعلیٰ کا عہدہ عوام کی حقیقی خدمت کے لئے وقف رہے گا،میں عوام میں سے ہوں اور مجھے ان کے دکھ درد اور مسائل کا پورا احساس ہے اور میرا پل پل عوام کے مسائل کے حل کے لئے صرف ہوگا۔