لاہور(نامہ نگار خصوصی) وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پر عدلیہ کے خلاف پھیلائے جانے والی جعلی خبروں اور پروپیگنڈا کیخلاف درخواست پر سوشل میڈیا پر ججز کیخلاف مہم چلانے والوں کیخلاف کارروائی کرنے پر رضا مندی ظاہر کر دی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے وزارت داخلہ کے جواب کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے داخل کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ ججوں کا مکمل احترام کرتے ہیں،عدالت اس درخواست میں جو بھی حکم دے گی اس پر مکمل عملدرآمد کیا جائیگا۔عدالت نے پی ٹی اے اور ایف آئی اے کی جانب سے جواب داخل نہ کروانے پر اظہار برہمی کیا اور 13 دسمبر کو جواب مانگ لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اینٹی منی لانڈرنگ کیسز میں نیب عدالت کے دائرہ اختیار کیخلاف درخواست پر نیب وکیل کو جواب جمع کرانے کے لیے 23 دسمبر تک مہلت دیدی۔عدالت نے ریمارکس دئیے اب تو پیسوں کی واپسی شروع ہوگئی اور لوگ چھوٹ رہے ہیں۔