اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) وفاقی وزارت داخلہ کو سابق وزیر اعظم نواز شریف ،(باقی صفحہ4نمبر20) مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا گیا جبکہ نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز اورسابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو انٹر پول کے کے ذریعے وطن واپس لانے کے لئے ایف آئی اے کو اقدامات کے لئے ہدایات کر دی گئیں تاہم سابق صدر پرویز مشرف کی وطن واپسی کے حوالے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق ایگزٹ کنٹرول لسٹ کمیٹی کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ نیب ریفرنسز میں نیب کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف ، ان کی بیٹی مریم نواز اور کیپٹن ( ر ) محمد صفدر کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست پر کارروائی کی ہدایات دیتے ہوئے ملزمان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا کہا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں ایف آئی اے حکام کو ہدایات دی گئی ہیں کہ حسن اور حسین نواز کی وطن واپسی کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کے لئے بھی انٹر پول سے رابطہ کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ فیصلے کابینہ اجلاس کے دوران کئے گئے تاہم سنگین غداری کیس سمیت کئی مقدمات میں مطلوب ملزم جنرل ( ر ) مشرف کی وطن واپسی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔