اسلام آباد(غلام نبی یوسف زئی)وزارت قانون و انصاف نے اپنی ایک سالہ کارکردگی پر مشتمل تحریری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی ہے ۔2 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں وزارت کی 6 بڑی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی سستے اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے دی گئی ہدایات کی روشنی میں پہلی بڑی کامیابی متعدد عوام دوست قوانین کے تیار کردہ مسودے ہیں، لاء ڈویژن نے یہ مسودے حکومت کے 100 روزہ ایجنڈے کے تحت تیارکئے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان مسودوں میں قوانین کے 7بل شامل ہیں، پہلا بل وراثتی سرٹیفکیٹ کے حوالے سے ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹ بل 2019،دوسرا خواتین کی جائیداد کے حق کا بل 2019،تیسرا وسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس کمیشن بل 2019،چوتھاسول پروسیجر ترمیمی بل 2019،پانچواں لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی بل2019،چھٹامیوچل لیگل اسسٹنس بل2019 اورساتواں سروس ٹربیونل ترمیمی بل 2019ء ہے ۔کارکردگی رپورٹ میں پی ٹی آئی کی حکومت کی طرف سے پاس کیے گئے قوانین کی فہرست بھی دی گئی ہے ۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے 7 بل پاس کیے ہیں جن میں فنانس سپلیمنٹری ترمیمی ایکٹ 2018،ویسٹ پاکستان جیوینائل سموکنگ ایکٹ 2018،الیکشن ترمیمی ایکٹ2019،فنانس سپلیمنٹری دوسرا ترمیمی ایکٹ2019،الیکشن دوسرا ترمیمی ایکٹ 2019،فنانس ایکٹ2019شامل ہیں۔کارکردگی رپورٹ میں صدر پاکستان کی طرف سے جاری کیے گئے 8 آرڈیننسز کی فہرست بھی شامل کی گئی ہے جس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل آرڈیننس 2019، اورایسٹ ڈکلیریشن آرڈیننس 2019، کے علاوہ ایسٹ ڈکلیریشن ترمیمی آرڈیننس2019،نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس2019،پاکستان پینل کوڈ ترمیمی آرڈیننس 2019،نیشنل کائونٹر ٹیرارزم اتھارٹی ترمیمی آرڈیننس 2019،فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی آرڈیننس 2019ء اور ریکوری آف مارگیج بیکڈ سکیورٹی آرڈیننس 2019ء شامل ہیں۔ وزارت قانون نے اپنی دیگر کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دوسری بڑی کامیابی وزارت قانون کی ویب سائیٹ پر 100سالہ قوانین کی آن لائن ڈیجیٹل فارم میں دستیابی یقینی بنائی گئی ہے ۔تیسری بڑی کامیابی وزارت قانون کی ویب سائیٹ پر کسی بھی شہری کا قوانین تک آسانی سے رسائی حاصل کرنا ہے ۔ چوتھی بڑی کامیابی سپیشل کورٹس اور ٹربیونلز میں 29ججز اور 9ممبرز کی تعیناتی ہے ۔ پانچویں کامیابی لاء ڈویژن کی طرف سے حکومت کی تمام آرگنائزیشنز کو 68بلوں کی تیاری میں معاونت فراہم کرنا ہے ۔ چھٹی بڑی کامیابی وزارت کاتقریباً 600 وہ مقدمات نمٹاناہے جومختلف سرکاری اداروں نے بھیجے تھے ، ان میں وزارت سے تکنیکی معاونت اور قانونی رائے طلب کی گئی تھی۔