اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، مشیر ماحولیات ملک امین اسلم اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے الگ الگ ملاقات کی۔وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے منگل کو وزیر اعظم آفس میں چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک،سینٹ میں قائد ایوان شبلی فراز اور سینیٹر اورنگزیب بھی موجود تھے ۔وزیر اعظم نے چیئر مین سینٹ پرمکمل اعتماد کااظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ اپوزیشن کی جانب سے چیئر مین سینٹ کو ہٹانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا ۔وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، مشیر ماحولیات ملک امین اسلم اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے بھی الگ الگ ملاقات کی۔اس موقع پرسیاسی امور و دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ وزیر اعظم عمران خان سے نئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی ۔وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی جنرل فیض حمید نے اپنے چارج سنبھالنے کے بعد گزشتہ روز وزیر اعظم آفس میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں پیشہ ورانہ امورپرتبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم نے عہدہ سنبھالنے پرڈی جی آئی ایس آئی کو مبارکباددی۔