اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں بچوں کیخلاف جرائم کی روک تھام کیلئے نیشنل ایکشن پلان بنانیکا فیصلہ کیاگیاہے ،وزیراعظم نے کہاہے کہ معصوم بچوں کا جنسی استحصال پورے معاشرے کیلئے باعث شرم اور افسوس ناک ، حکومت ہر ممکن اقدام اٹھائے گی،انسداد پولیو مہم افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ پولیو کو مکمل شکست دینے کیلئے پوری قوم کو ساتھ دینا ہو گا۔ بچوں سے متعلقہ جرائم خصوصاً جنسی استحصال کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ معاشرے کے مستقبل کے خلاف جرائم اور خصوصاً معصوم بچوں کا جنسی استحصال پورے معاشرے کے لئے باعث شرم اور افسوس ناک ہے ۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا نہ صرف حکومت بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارتِ داخلہ میں جرائم کے حوالے سے اور خصوصاً بچوں سے متعلقہ جرائم میں ملوث افراد کا قومی سطح پر نیشنل کرائم ڈیٹا بیس مرتب کیا جائے گا۔یہ ڈیٹا بیس وفاق اور صوبائی حکومتوں کے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دستیاب ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے وزارتِ انسانی حقوق کو ہدایت کی کہ بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لئے وزارتِ داخلہ اور صوبائی حکومتوں کی مشاورت اور معاونت سے قومی سطح پر نیشنل ایکشن پلان کو آئندہ دو ہفتوں میں حتمی شکل دی جائے تاکہ جہاں بچوں سے متعلقہ فحش مواد کے خلاف قومی سطح پر کریک ڈاؤن شروع کیا جا سکے ۔ اجلاس میں وزیرِ تعلیم شفقت محمود، وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، صوبائی آئی جیز اور وزارتِ داخلہ و صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران شریک تھے ۔ وزیرِ اعظم کو بچوں کے خلاف جرائم خصوصاً جنسی استحصال، بچوں سے متعلقہ فحش مواد اور روک تھام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔جمعہ کو یہاں انسداد پولیو کی قومی مہم کے افتتاح کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پوری قوم مل کر کوشش کرے ، انسداد پولیو کی قومی مہم ملک کے مستقبل کے لئے انتہائی اہم ہے ، پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو عالمی سطح پر مسائل پیدا ہوں گے ۔ تقریب میں وزیراعظم نے بچی کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ وزیراعظم نے کہا مہم کے دوران چار کروڑ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا عسکریت پسندوں کے نشانہ بنائے جانے کے باوجود مہم کو کامیابی سے جاری رکھنے والے پولیو ور کرز قومی ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کو مکمل شکست دینے کے لئے پوری قوم کو ساتھ دینا ہو گا۔معاون خصوصی قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم کسی سیاسی جماعت کا نہیں قومی ایجنڈا ہے ۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈوسے ٹیلی فونک رابطہ کیاہے اور انہیں الیکشن جیت کردوبارہ حکومت بنانے پرمبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے کینیڈین ہم منصب کومقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جسٹن ٹروڈوکی قیادت میں پاک کینیڈاتعلقات مزیدمستحکم ہونگے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ مسئلے کا جامع اور پرامن حل ضروری ہے ۔وزیراعظم سے برطانیہ کے انسانی حقوق کے معروف قانون دان کلیو سٹیفرڈ اور امریکہ کے بین الاقوامی قانون کے ماہر ایرک لیویز نے ملاقات کی ہے ۔ وزیراعظم نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔ملاقات کے دوران بیرسٹر شہزاد اکبر بھی موجود تھے ۔