لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال)ملک بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کی بہتری، اپ گریڈیشن کے لئے وزیر اعظم کی نئی پالیسی جاری کر دی گئی ،صوبائی حکومتیں ،وفاقی و صوبائی وزرا، انتظامی مشینری ، عمل درآمد کی پابند بنا دی گئیں۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو پیش کردہ رپورٹ میں جنوبی پنجاب، اندرون سندھ، اوربلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں کی بابت شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو علاج معالجہ کے حوالے سے درپیش مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ پورٹ کے بعد وزیر اعظم کی جانب سے وفاقی و صوبائی وزرا، حکومتی مشینری اور ان کے اہل خانہ کو بوقت ضرورت علاج معالجہ کے لئے سرکاری ہسپتالوں سے رجوع کرنے کی پالیسی سامنے آگئی ہے جس کے تحت قرار دیا گیا ہے کہ دعووں اور اعلانات کی بجائے عملی اقداما ت کرنا، اور خود اچھے کام کی ابتدا کر کے ہی کو دوسروں کے لئے مثال بننا حکومتی ترجیح ہے ۔ ہدایات میں قرار دیا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں وفاقی و صوبائی وزرا اور ان کے اہل خانہ کے علاج معالجہ کے لئے جانے سے ان اداروں کی کارکردگی اور معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور تحفظات کا خاتمہ ممکن ہو گا۔