اسلام آباد(لیڈی رپورٹر )اسلام آباد میں تاریخ ساز آزدی کشمیر ملین مارچ کیا گیا جسکاآغازڈی چوک سے ہوا۔مارچ میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر امڈ آیا،یوتھ تنظیموں،سول سوسائٹی اور اقلیتی برادری نے بھی شرکت کی۔مارچ میں آزاد کشمیر کا 5کلو میٹر طویل جبکہ 80من وزنی جھنڈا لہرا دیا گیا۔شرکا نے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ اور آزادی کشمیر کے نعرے لگائے ۔شرکا اور مقررین نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کیساتھ ہے ، وزیر اعظم عمران خان اعلا ن کریں توکشمیریوں کیلئے پاک فوج کیساتھ 22کروڑ عوام بھی نکلیں گے ۔ جموں کشمیر سالیڈیریٹی موومنٹ، کشمیر یوتھ الائنس اور مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام ہونے والے اس تاریخی اور منفرد نوعیت کے مارچ میں جڑواں شہروں اور گردونواح سے آنے والے عوام نے نئی تاریخ رقم کر دی۔کشمیر کا پانچ کلومیٹر طویل پرچم ڈی چوک سے ایف نائن تک لہرایا گیا،ملین مارچ کے دوران شرکا میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ شہر بھر سے خواتین، تاجر، طلبا ،علما، وکلا، سمیت تمام تر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کشمیری پرچم لہرا کر دنیا کو بتا دیا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ تھی، ہے اور رہے گی۔ جموں کشمیر سالیڈیریٹی موومنٹ کی چیئرپرسن ،جنرل حمید گل مرحوم کی بیٹی عظمیٰ گل اور کشمیر یوتھ الائنس کے صدر ڈاکٹر مجاہد گیلانی کی قیادت میں مارچ میں بڑے قافلوں نے شرکت کی۔ ڈی چوک سے ایف نائن پارک تک5 سٹیج بنائے گئے تھے ۔ ڈی چوک سٹیج پرخواتین،اراکین اسمبلی اورانسانی حقوق کی سرگرم خواتین رہنماؤں نے خطابات کئے ۔ شرکاء سے عظمیٰ گل،وفاقی وزیر علی محمد خان، سینیٹر طلحہ محمود، ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی، سردار عتیق احمد خان، سردار انور،غلام محمد صفی، جنرل( ر) امجد شعیب، مولانا فضل الرحمن خلیل،سعد ارسلان صادق،نورین فاروق، ڈاکٹر سعدیہ خان،امتیاز نسیم،سردار پرویز اختر، چودھری سعید گجر دیگر نے خطاب کیا۔ ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے بھی شہریوں سے 5کلومیٹر طویل جھنڈا لہرا کر ورلڈ ریکارڈ بنانے کی اپیل کی تھی۔مارچ میں ہندو، سکھ اورعیسائی برادری کے افراد کثیر تعداد میں شریک ہوئے اورکشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ عظمیٰ گل اپنی والدہ کی نماز جنازہ کے بعد مارچ میں شریک ہوئیں۔