اسلام آباد(خبر نگار خصوصی ، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے اپنی معاشی ٹیم کو غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ عوام دوست اور معاشی استحکام کے پیش نظر بنایا جائے ۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے بنی گالہ میں اجلاس ہوئے ۔مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر، گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور دیگرمتعلقہ حکام شریک ہوئے ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی شریک ہوئے ۔ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں بجٹ کے خدوخال پر مشاورت ہو ئی ۔ معاشی ٹیم نے بجٹ کی تیاریوں سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی۔ مشیر خزانہ، گورنر سٹیٹ بینک اور چئیر مین ایف بی آر نے وزیراعظم کو مختلف تجاویز پیش کیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں بجٹ سیشن کے دوران اپوزیشن کی ممکنہ ہنگامہ آرائی سے نمٹنے کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی معاشی ٹیم کو غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ عوام دوست اور معاشی استحکام کے پیش نظر بنایا جائے ۔