ملتان(سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید پیش رفت ہوگی۔عمران خان اور امریکی صدر کے درمیان ملاقات میں خطہ کے اہم معاملات زیربحث آئیں گے ۔افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہیں،پاکستان خطہ میں امن اور استحکام کا حامی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حاجی فیاض خان بلوچ کی جانب دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ن لیگ کی حکومت نے ساڑھے چارسال تک وزیر خارجہ کا تقرر نہ کرکے پاکستان کیساتھ دشمنی کی۔جس کی وجہ سے بطور وزیر خارجہ پاکستان کا مقدمہ لڑ نے میں دشواری ہوئی۔ معاشی بحران کے ذمہ دار سابق حکمران اور ان کی لوٹ کھسوٹ ہے ۔پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے اضافہ کے لیے بیرون ملک پاکستانی میشنز کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا وزارت خارجہ کے کثیر الجہتی امور میں معاونت کیلئے مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ قائم کی گئی ہے جس کے اب تک 7اجلاس منعقد ہو چکے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کسی لٹیرے کو این آ راو نہیں دے گی۔انہوں نے کہا ملکی 70 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کے لیے پہلی دفعہ علیحدہ بجٹ مختص کیا ہے ۔ ماضی کی کسی حکومت نے ایسا کیا؟ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب صوبہ تحریک انصاف کے دور میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔وزیرخارجہ سے مختلف وفود نے ملاقاتیں بھی کیں ۔