لاہور(خصوصی نمائندہ،صباح نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اپوزیشن ارکان کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات نو شتہ دیوار ہے ،شریف خاندان کی جدید سائنسی بنیادوں پر استوار کرپشن نے اپوزیشن اراکین کو متنفر کر دیا۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن ارکان کی وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات آئینی و قانونی خلاف ورزی اور فلور کراسنگ کے زمرے میں نہیں آتی،وزیرِاعلیٰ کے انتخاب اور فنانس بل پر اپنی پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے پر فلور کراسنگ کا قانون حرکت میں آتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پر تنقید میں وقت ضائع کرنے کی بجائے اپوزیشن اپنے گریبان میں جھانکے ،ہروقت حکومت جانے والی ہے ، کا پہاڑا پڑھنے والے اپنی صفوں کی طرف نظر دوڑائیں تو کپکپی طاری ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں عوام کو اشیائے ضروریہ پر ریلیف پہنچانے کا عمل جاری ہے ۔فلور ملز کو سرکاری گندم کے اجرا سے مارکیٹ میں بیس کلو کا تھیلا ایک ہزار پچاس روپے سے کم ہو کر آٹھ سو پچاس روپے پر دستیاب ہوگا۔