اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) وزیر اعظم عمران خان سے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی ۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم سے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ امور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بھی ملاقات کی ۔ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور وزارت بین الصوبائی رابطہ امور کی کارکردگی اور جاری منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔وزیر اعظم نے سری لنکا کے نومنتخب صدر کوٹیلیفون پر مبارکباد دی ۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے گوتابایا راجہ پاکسا کو سری لنکا کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان خطے اور اپنے عوام کی خوشحالی، ترقی اور امن کیلئے سری لنکا کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے ۔دریں اثنا ٹوئٹرپرجار ی بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستانی معیشت اقتصادی اصلاحات کے ذریعے بہتری کی جانب گامز ن ہے ، پاکستان کے برآمد کنندگان کومبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ معاشی اصلاحات کا پھل ملنا شروع ہوگیا۔ پہلے چارماہ میں مالی خسارہ 73.5 فیصد کم ہوا، کرنٹ اکاؤنٹ گذشتہ چارسال کی نسبت بہتری کی جانب گامزن ہے جبکہ جاری کھاتے 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس رہے ۔رواں سال اکتوبر میں برآمدات 20 فیصد سے زائد بڑھیں جبکہ اکتوبر 2018 میں برآمدات میں اضافہ 9.6 فیصد تھا۔