لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پوری قیادت بشمول عمران خان پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ ملک اور قوم کے وسائل لوٹنے والوں کو کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائیگا اور سب کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی یا عناد نہیں درحقیقت بڑے بڑے مگر مچھوں کے بعد بہت جلد نچلی سطح پرسیاسی وفاداریوں کے صلے میں بڑے بڑے ٹھیکوں کے اندرکمیشن کھانے والوں کا نمبر بھی آنے والا ہے ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے تحریک انصاف کے مختلف رہنمائوں سے انسانی حقوق کے کیمپ آفس میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کادورہ امریکہ نمایاں اہمیت کا حامل ہوگا اور جس طرح پاکستانی کمیونٹی نے عمران خان کا پرجوش استقبال کیا اور اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا،اس سے ثابت ہو گیا کہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمیونٹی بھی نئے پاکستان کے قیام کی مکمل حامی ہے ۔