اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کچھ ٹاسک دیئے ہیں جن پرکام کر رہاہوں، اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق کوئی سمری میرے پاس نہیں آئی ۔گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کو انٹریو دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کوکوئی خطرہ نہیں ، اہم فیصلوں میں میرا مشورہ بھی شامل ہوتا ہے ۔چینی کے بحران پر رپورٹ پبلک کرنا بہت ضروری تھا، فرانزک رپورٹ آنے دیں مزید حقائق بھی آئینگے ۔عارف علوی نے کہا کہ حکومت اپاہج نہیں، بہت کچھ کرسکتے ہیں، پارلیمنٹ میں قانون ساز ی کیلئے اس وقت افہام و تفہیم کا ماحول نہیں۔کورونا کے حوالے سے کہاکہ میری خواہش تھی کہ زیادہ سخت لاک ڈاؤن ہو، ہمارے ملک میں اشیائے خور و نوش وافر مقدار میں موجود ہیں، میں نہیں سمجھتا کورونا کوئی سازش ہے ۔ جمعرات کو ایک انگریزی اخبارمیں شائع خبر پراپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر کی حیثیت سے میں صحت سے متعلق اشیا کے غلط استعمال اور ضیاع کو بہت برا سمجھتا ہوں۔ دریں اثنا چینی طبی ماہرین نے صدر سے ملاقات کی اور کوروناوائرس کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ صدر مملکت نے مشکل وقت میں ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں صدر سے اسلامی نظریاتی کونسل کے سربراہ قبلہ ایاز کی قیادت میں علما کے وفد نے ملاقات کی ،جس میں علمانے کورونا سے نمٹنے کیلئے تجاویز پیش کیں جبکہ عوام سے آج (جمعہ )2 رکعت صلوٰۃ التوبہ ادا کرنے کی اپیل کی جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی وبا سے چھٹکارے کیلئے دعائے مغفرت براہ راست نشر کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے ۔