اسلام آباد،تہران (سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، این این آئی) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے ایران اور پاکستان ایک پیج پر ہیں۔تہران میں ایرانی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاایرانی ہم منصب کے ساتھ افغانستان اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی،عالمی برادری افغانستان کوممکنہ انسانی بحران سے بچانے کیلئے معاونت کرے ۔ قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس میں شرکت کیلئے تہران پہنچے توایران کے سفیر محمد علی حسینی، پاکستانی سفیر رحیم حیات قریش نے خیرمقدم کیا۔ شاہ محمود قریشی نے ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس میں شرکت کی دعوت پر ایرانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے ایران کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی مسلسل تائید اور حمایت پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا،ایرانی وزیر خارجہ نے شاہ محمود اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ایران روانگی سے قبل شاہ محمود قریشی نے منگل کو ریاض میں اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی فورمز پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دریں اثنا افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج ایران میں ہوگا، اجلاس کا افتتاح ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کریں گے ۔ اجلاس میں پاکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور تاجکستان کے وزراء خارجہ شرکت کریں گے ، روس اور چین کے وزرائے خارجہ اس اجلاس میں آن لائن شریک ہوں گے ۔