لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے سول سیکرٹریٹ میں سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز چیمبرز کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔چھوٹی ودرمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ ،پاور لومز اور کاٹن انڈسٹری کی بحالی اور ایس ایم ایز چیمبرز کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے اس موقع پر فیصل آباد میں 100ایکڑ رقبے پر ویونگ سٹی بنانے کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہا کہ ویونگ سٹی میں پاور لومز کو منتقل کیا جائے گا۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاور لومز سے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے ۔حکومت اس صنعت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرے گی۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ آئندہ 15روز میں منصوبے کا ماسٹر پلان ،فنانشل ماڈل اور ترقیاتی پلان بنا کر پیش کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں بھی سمال انڈسٹریز کے لئے پلاٹ رکھے گئے ہیں اور ایس ایم ایز اور کاٹیج انڈسٹریز کی بحالی کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے ۔