وزیر اعظم عمران خان کے سٹیزن پورٹل پر ریلوے کے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے 25137شکایات اب تک موصول ہوئیں۔ جس پر انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے 24716شکایات کو حل کر کے نمٹا دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے فوراً بعد سٹیزن پورٹل کا اجرا کیا۔ جس کا مقصد شہریوں کی شکایات کا ازالہ کر کے انہیں بروقت انصاف فراہم کرنا اور سہولیات پہنچانا تھا۔ سٹیزن پورٹل کو مختلف سرکاری محکموں کیخلاف اب تک لاکھوں کی تعدادمیں شکایات موصول ہوئی ہیں۔ جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ ریلوے کے متعلق موصول ہونے والی 25137شکایات میں سے 24716شکایات کو حل کر کے شکایت کنندگان کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے، جو واقعی قابل تحسین عمل ہے۔ اس سے قبل پاکستان میں اتنی جلدی انصاف کی فراہمی ممکن نہیں رہی۔ چار سو اکیس شکایات حل کرنے کے لئے متعلقہ افسران جلد کوشش کریں تاکہ عوام کی شکایات دور کر کے ریلوے کے سفر کو نہ صرف پرکشش بنایا جائے بلکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کر کے انہیں اس جانب متوجہ بھی کیا جائے۔ ریلوے زمین پر قبضے کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے اور ٹرینوں کے اندر سہولیات کے فقدان کا جائزہ لیا جائے۔ موسم سرما میں ٹرینوں کے اندرونی ماحول کو گرم رکھنے کے بھی انتظامات کئے جائیں۔ خصوصی طوور پر کوئٹہ اور کراچی جیسے لمبے سفر پر اگر آپ مسافروں کو سہولیات فراہم کریں گے تو وہ لازمی طور پر ٹرین کے سفر کو ترجیح دیں گے۔مال گاڑیوں کو نہ صرف بروقت منزل مقصود تک پہنچانے کے اقدامات کیے جائیں بلکہ ان کی تشہیر بھی کی جائے تا کہ کاروباری طبقہ اس سے فائدہ اٹھا سکے۔