لاہور(خصوصی نمائندہ،کر ائم رپو رٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے قیدیوں کو سہولت دینے کیلئے اقدام اٹھاتے ہوئے قیدیوں کی پیرول پر رہائی پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں محکمہ داخلہ کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کی جیلوں میں قید خیبرپختونخوا کے 400 قیدیوں کو واپس بھجوانے کی ہدایت کی ہے ، انہوں نے کہا کہ ان قیدیوں کوبھجوانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں جبکہ حج اور عمرہ پر جانے والے شہریوں کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے سعودی عرب کے تعاون سے پنجاب میں اعتماد سنٹرز کے قیام کا دائرہ کار بڑھانے کافیصلہ کیا گیا ہے ،اس امر کا فیصلہ وزیراعلیٰ اور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کے مابین ملاقات میں کیا گیا۔سعودی عرب پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی اعتماد سنٹر قائم کرے گا، پہلے مرحلے میں ضلع ڈیرہ غازی خان میں اعتماد سنٹرقائم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اعتماد سنٹرزکے قیام کے بعد حج اورعمرہ کیلئے سعودی عرب جانے والے شہریوں کوبائیومیٹرک تصدیق کیلئے دیگر شہروں نہیں جانا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں انفراسٹرکچرسیکٹر خصوصاً سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیااورآئندہ مالی سال2019-20ء کیلئے انفراسٹرکچرخصوصاًروڈ سیکٹرکے مجوزہ پروگرام پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ سے بینک آف پنجاب کے نئے صدر سید محمد طالب رضوی نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینک آف پنجاب کو بینکنگ کے جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے کیلئے تعاون جاری رکھیں گے ، بینک آف پنجاب کواپنے کسٹمرز کو مزید سہولتیں دینے کیلئے جدت کیساتھ منفرد اقدامات کرنے چاہئیں۔وزیر اعلیٰ نے ایسٹر کے تہوار کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارک باد دی ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ایسٹر بے آسرااور مستحق افراد کے ساتھ وقت گزارنے اورخوشیاں تقسیم کرنے کانام ہے ۔وزیراعلیٰ نے سرفراز شاہ کی والدہ کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ۔