اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) وزیراعظم عمران خان احساس کفالت پروگرام کا آج افتتاح کریں گے جس کے تحت ملک بھر کی 7 ملین غریب خواتین کو 2000 روپے ماہانہ نقد مالی معاونت فراہم کی جائیگی۔ حکومت نے فلاحی اداروں کو غیر سیاسی بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ احساس کفالت کارڈ پر صرف قائداعظمؒ کی تصویر چھاپی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق 2 ہزار ماہانہ نقد ، 75 ہزار روپے بلاسود قرضہ اور مرحلہ وار دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے احساس کفالت پروگرام میں 70 لاکھ مستحق خواتین کا اندراج کیا جائے گا۔ ان خاندانوں کو فروری، مارچ سے کفالت اعزازیہ ملنا شروع ہو جائے گا جبکہ دیگر مستحقین کا ڈیسک رجسٹریشن کے ذریعے اندراج کیا جائے گا۔ ایس ایم ایس اور کفالت ویب سروس کے ذریعے گھر گھر سروے اور احساس نادرا ڈیسک رجسٹریشن سنٹر کے ذریعے مستحقین کی نشاندہی کی جائے گی۔ اندراج کے بعد ان کی اہلیت کی تجزیاتی اعداد و شمار کے مطابق تصدیق کی جائے گی اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک احساس ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے ذریعے ادائیگی کی جائے گی۔ہر مستحق خاتون کواپنے سیونگ اکائونٹ کی سہولت حاصل ہو گی۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشترنے تفصیلات بتاتے ہوئے کہامستحقین کی رجسٹریشن کیلئے سروے طریقہ کار تبدیل کیا گیا ہے ۔ اب نیاڈیجیٹل ادائیگی کا نظام لایا گیا ہے ۔مالی معاونت کی رقم میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور اسے افراطِ زر کی شرح سے منسلک کر دیا گیا ہے ۔