ملتان(سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ و احد کابینہ ہے جس کے آدھے سے زائد ارکان ٹیکنو کریٹ ہیں، آدھی سے زیادہ کابینہ تبدیل ہو گئی، یہ کسی طور بھی عمران خان کی بنائی گئی کابینہ نہیں ،عمران خان 4 ماہ میں استعفیٰ دے دیں گے ، مانگے تانگے کے لوگوں سے حکومتیں نہیں چلتیں، حفیظ شیخ آئی ایم ایف کا ملازم ہے ، ماضی کی حکومتوں کے لوگ موجودہ کابینہ کا چہرہ ہیں، علیمہ خان پر کرپشن الزام در حقیقت عمران خان پر الزام ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جاوید ہاشمی نے مزید کہا موجودہ کابینہ کے 90 فیصد لوگ عمران خان سے نفرت کرتے ہیں، پہلی حکومت ہے جسے اپوزیشن گرانا نہیں چاہتی،عمران خان کی حیثیت ماضی کے وزیر اعظم شوکت عزیز جیسی ہو گئی۔جاوید ہاشمی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان چاہتے ہوئے بھی کچھ وزراء کو کابینہ سے نہیں نکال سکے ، تحریک انصاف بکھر چکی ہے ۔ انہوں نے کہا شاہ محمود قریشی،اسد عمر، شفقت حسین سمیت 5 افراد گواہ ہیں، میں نے عمران خان سے کہا تھا نوجوانوں کی امیدیں نہ توڑ نا۔جاوید ہاشمی نے کہا آجکل بعض لوگ صدارتی نظام کی بات کرتے نظر آرہے ہیں،اگر عمران خان کو صدارتی نظام کی یقین دہانی کروادی جائے تو وہ آج ہی اسمبلیاں توڑ دیں گے ، ماضی میں ملک کے اندر 40 تا 44 سال تک صدارتی نظام نافذ رہا ہے ۔