اس بات پر سب کو اتفاق ہے کہ صوبہ پنجاب وہ بنیاد ہے جس پر پاکستان کی عمارت کھڑی ہے اور سندھ ، کے پی کے اور بلوچستان ایسی فصیلیں ہیں جو پاکستان کی سا لمیت اور استحکام کے لئے طاقت کا درجہ رکھتی ہیں - صوبہ پنجاب میں سیاسی استحکام اور اچھی حکومت محفوظ پاکستان کی ضمانت بنتی ہے - صوبہ پنجاب میں 30 سال سے ایک خاندان کی حکمرانی رہی ہے اور اس دور کی بدعنوانی اور کرپشن کی ہوشربا تفصیلات سامنے آرہی ہیں - عوام نے ووٹ کی طاقت سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ملک کی باگ دور سنبھالنے کیلئے مینڈیٹ دیا- تحریک انصاف نے کرپشن کے خاتمے ، اداروں کو مضبوط اور خود مختار بنانے ، حکومت میں سادگی اور کفایت شعاری کے کلچر کو فروغ دینے ، ٹیکس کی رقم اور تمام وسائل عوام کی ترقی و فلاح و بہبود کیلئے خرچ کرنے کی بنیاد پر انتخاب جیتا- پاکستان تحریک انصاف کے قائدعمران خان جہاںدیدہ شخصیت کے حامل ہیں انہوںنے ماضی میں مسلسل نظر انداز کئے گئے علاقے یعنی جنوبی پنجاب سے سردار عثمان احمد خان بزدار کو پنجاب کے وزیراعلی کی ذمہ داری سونپی ، سردار عثمان احمد خان بزدار کو پنجاب کی ضلعی حکومت کا پہلے سے ہی تجربہ تھا - انکا ماضی بے داغ تھا ، وہ شرافت کی سیاست کے علمبردار ہیں - یہ درست ہے کہ وہ وزیراعلی کے طور پر اس منصب پر پہلی بار فائز ہوئے لیکن یہ کوئی نہیں دیکھ رہا کہ ماضی کے وزیراعلی شہبازشریف جب پہلی بار وزیراعلی بنے تو انہیں کونسلر رہنے کا بھی تجربہ نہ تھا وہ چیمبر آف کامرس کی رکنیت تک ہی محدود رہے - عثمان بزدار تو ان سے زیادہ تجربہ رکھتے ہیں - انہو ںنے ڈیڑھ سال کے عرصہ میں صوبہ بھی میں بھر پور انقلابی اقدامات کا آغاز کیا اور ہر شعبہ میں عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کئے جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی - یہی وہ صورت حال تھی جس پر اپوزیشن اور اقتدار سے محروم طبقہ پریشان ہوا اور ان کے خلاف منفی پراپیگندہ کا طوفان کھڑا کردیا - وزیراعلی عثمان بزدار نے گذشتہ دو روز میں اپنی سیاسی بصیرت ،تدبر اور حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے حیران کن انداز میں معاملات کو قابومیں کرلیاہے اور پنجاب کی سیاسی و انتظامی امور پر ان کی گرفت پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگئی ہے - اس حالات میں وہ ایک کندن بن کر ابھرے ہیں - ان کی کاوشوں سے صوبہ میں غیر معمولی ڈویلپمنٹ نے سیاسی منظر نامے کو یکسر تبدیل کردیاہے اور ان میں حقیقی معنوں میں وسیم اکرم پلس کی جھلک دکھائی دی ہے - انہوںنے سازشی عناصر کو چاروں شانے چت کرکے بولڈ کردیاہے - وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تحریک انصاف کے اراکین صوبائی ا سمبلی نے ملاقات کی- اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزداراورہمارے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ موجود ہے ۔ہمیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے ۔ اراکین اسمبلی نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ تھے ، ہیں اورساتھ کھڑے رہیں گے۔ہم وزیراعظم عمران خان اور آپ کے سپاہی ہیں۔ عوامی خدمت کے سفر میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اراکین پنجاب اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی عزت میری عزت ہے ۔آپ کے احترام میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔آپ کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوںگے اور ہم نے ملکرصوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے ۔ پراپیگنڈا کرنے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔ہم ایک تھے،ہیں اورایک رہیںگے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تحریک انصاف پنجاب کے قومی و پنجاب اسمبلی کے حلقوں کے ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی ،جس میں پارٹی کو مضبوط کرنے سے متعلق امور ،حلقوں کے مسائل کے حل اورعوام کے ساتھ روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں میں ترقیاتی کام کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں کو نظر اندازکرسکتے ہیں نہ ان کے ووٹرز کو۔ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کام ہوںگے۔ٹکٹ ہولڈرز کو پورا احترام دیاجائے گا۔ٹکٹ ہولڈرز پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔انہوںنے کہاکہ حلقوں میں ترقیاتی کام ٹکٹ ہولڈرز کی مشاورت سے ہوںگے۔میں جس ضلع کا دورہ کروںگا وہاں پر ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ بھی ملاقات کروںگا۔انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کے ضلعی صدور اورجنرل سیکرٹری کے ساتھ بھی ملاقات ہوگی۔عوام کی خدمت کا سفر ملکر تیزی سے آگے بڑھائیںگے اورآپ میرے دست و بازوہیں۔ انہوںنے کہاکہ عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کو ساتھ لے کرچلیںگے۔صوبے کے عوام کی تعمیرو ترقی کے مشن میں ملکر کام کرینگے۔ اگر حقائق دیکھے جائیں تو پنجاب میں مختصر ترین عرصہ میں وزیراعلی عثمان بزدار نے کیا کچھ نہیں کیا -صوبہ میں 7 نئی یونیورسٹیوں کے علاوہ 4 ٹیکنیکل یونیورسٹیوں اور 43 نئے کالجز کا قیام کا منصوبہ شامل ہے - اسی طرح محکمہ صحت کے شعبے میں 5 مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں سمیت 9 نئے ہسپتال قائم کرنے کا منصوبہ ، دیہات میں 194طبی مراکز صحت میں علاج معالجہ کی 24 گھنٹے سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایاگیاہے - ساڑھے تین کروڑ سے زائد افراد کیلئے صحت کارڈ دیئے جاچکے ہیں -غریب اور محروم طبقہ کے لئے لاہور سمیت دیگر ڈویژنوں میں پناہ گاہیں تعمیر کی گئی ہیں - نیا پاکستان منزلیں آسان کے تحت دیہات کی 1500 کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و توسیع کی گئی ہے -جلال پور کینال کا سنگ بنیاد رکھاگیاہے جس پر 32 ارب 70 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے -اس کے تحت 43 کلومیٹر رابطہ سڑکیں بھی تعمیر کی جائیں گی - فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا قیام عمل میں لایاجارہاہے - اس سے 4 لاکھ افراد کو روزگارکے مواقع حاصل ہوںگے جبکہ بالواسطہ طورپر 10 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے - کم آمدنی والے افراد کی رہائشی سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیراعظم کے وژن کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کا شاندار منصوبہ شروع کیاگیاہے - مختلف محکموں کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے سات پالیسیاں تشکیل دی گئی ہیں جن میں انڈسٹریل پالیسی، سپیشل ایجوکیشن پالیسیاںغیرہ وغیرہ شامل ہیں -محکمہ صحت میں ڈاکٹروں سمیت 25 ہزار خالی آسامیو ں پر اہل افراد کو بھرتی کیاگیاہے - پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ او رپنجاب ولیج پنچائیت انڈ نیبر ہڈ کونسل اکٹ سمیت 30 قوانین کی منظوری دی گئی جبکہ 35 قوانین منظوری کے مراحل میں داخل ہوچکے ہیں -