لاہور، ملتان (نامہ نگار، نمائندہ خصوصی) وزیرریلویز شیخ رشید احمد نے کہاکہ ہم نے نئے ٹریکنگ سسٹم کا تجربہ کیاہے اگلے ہفتے وزیر اعظم عمران خان اس کا افتتاح کریں گے ، وزیر اعظم کی اجازت سے اگلے پندرہ دنوں میں ریلوے کی پانچ ذیلی کمپنیوں ریڈیمکواور ریل کاپ وغیرہ کو دو کمپنیوں میں تبدیل کریں گے تاکہ اخراجات میں کمی آسکے ، مارچ میں اس سال کی 20 نئی ٹرینوں اور 25 تاریخ کو کراچی سے نئی فریٹ ٹرین کا افتتاح کریں گے ۔ریلوے ہیڈ کوارٹرزلاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا یکم سے لیکر 28 فروری تک خود ٹرین پر رہوں گا میں پسند کروں گا کہ پلیٹ فارم پر سویا جائے اور سٹیشنوں کو دیکھا جائے ،اسلام آباد میں ایک کمپلینٹ سیل کھول رہے ہیں جو 24 گھنٹے کھلارہے گا،یہ کمپلینٹ سیل ریلوے کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ پر بھی میسر ہوگا، تمام ریلوے سٹیشنوں پر وقت سے پہلے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیاہے ، بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں میں کمی آئی۔قبل ازیں وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز آفتاب اکبر کے ہمراہ لاہور ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا، وفاقی وزیر ریلویز نے سٹیشن پر جاری تعمیرومرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے موقع پر سٹیشن کو خوبصورت اور قابل دید بنانے کے حوالے سے ہدایات دیں،اس کے علاوہ لاہور ریلوے سٹیشن پر اوور ہیڈ برجز کو جلد از جلد خوبصورت پینٹ کرنے کی ہدایت کی گئی، وزیر ریلویز نے سٹیشن پر مسافروں کو دستیاب سہولیات کا بھی معائنہ کیا ۔ دریں اثنا وزیر ریلوے شیخ رشید احمد 2روزہ دورے پر ملتان پہنچ گئے ۔