کوئٹہ ، اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر،صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان آج سے ایران کا دو روزہ دورہ کریں گے ۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق وزیر اعظم دورہ ایران کے دوران ایرانی سپریم لیڈر سید علی خا منہ ای سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کے دوران تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے ۔ وزیر اعظم دورہ ایران کے دوران پاکستانی اور ایرانی کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔ یہ وزیر اعظم عمران خان کا پہلا دورہ ایران ہے ۔وزیر اعظم کے دورہ ایران کے دوران مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، وزیر برائے میری ٹائم افیئرز سید علی حیدر زیدی اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈکٹر فہمیدہ مرزا سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ساتھ ہوں گے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے دورہ کا مقصد دوطرفہ تعلقات کومزید مضبوط کرنا ہے ۔ دریں اثناء وزیر اعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر آج کوئٹہ پہنچیں گے جہاں وہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا افتتاح کریں گے اور بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل کے منصوبوں کے بارے میں اجلاس ہو گا اور کوئٹہ و مکران کوسٹل ہائی وے پر دہشتگردی کے واقعے کے حوالے سے بھی اجلاس ہوگا ۔