لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )ن لیگ کی رہنما شائستہ پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت کا کام ہوتا ہے کہ اس نے اپنے لوگوں کو بیماری سے بھی بچانا ہے اور بھوک سے بھی۔ہم اس معاملے میں بری طرح فیل ہوئے ہیں۔وزیر اعظم کو فکر ہے کہ لوگوں کے پاس روٹی نہیں ہے ، نوکری اور روزگار نہیں ہے ۔ملک کے معاشی حالات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ملک میں جتنی کسی کی بساط ہے اس کے تحت لوگوں نے ایک دوسرے کی مدد کی ہے ۔ ٹائیگر فورس کیا کررہی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان سیاسی لوگوں کو تو ساتھ لے کر ہی نہیں چلتے ۔تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ اس بات سے کوئی انکاری نہیں ، کورونا ایک خطرناک بیماری ہے ،کورونا کا واحد حل سماجی فاصلہ، احتیاطی تدابیر ہیں،کورونا وائرس کتنا عرصہ رہے گا اس کا ڈبلیو ایچ اوسمیت کسی کو نہیں پتا۔ہم دوسال لوگوں کو لاک ڈائون کرکے اس بیماری کو نہیں روک سکتے ۔پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ اگر صوبہ سندھ نے ازخود کوئی فیصلہ کرنا ہوتا تو اب تک وہاں پر لاک ڈائون ہوتا۔اس وبا سے ہم صرف گھر میں بیٹھ کر بچائو کرسکتے ہیں۔سینئر صحافی اور تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس بارے حکومت اور لوگوں کا رویہ غیر سنجیدہ ہے ،جس انداز میں یہ وائرس بڑھ رہا ہے ،ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق اس کی شرح 92فیصد ہے ۔اگر اس وقت یہ صورتحال ہے تو اگلے دو ، تین مہینوں میں کیا حال ہوگا، ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ جولائی کے آخر میں پاکستان میں اڑھائی لاکھ کے قریب مریض ہونگے ۔ہم نے کورونا اور لاک ڈائون کو ولن اور ہیرو میں تقسیم کردیا ہے ۔