لاہور( حنیف خان)مسلم لیگ(ن)نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی میں ملوث پانچ اراکین پنجاب اسمبلی شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ،نوٹسز ایک دو روز میں جاری کردیئے جائیں گے ،جبکہ ن لیگ کی صوبائی قیادت نے کسی خاتون رکن اسمبلی کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی میں ملوث نہیں پایا ۔مسلم لیگ (ن)کے اراکین پنجاب اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری،غیاث الدین،فیصل خان نیازی،اظہر چانڈیااور نشاط ڈاہا نے اپنی جماعت کی اعلی قیادت کو اعتماد میں لئے بغیر وزیر اعلی پنجاب کے توسط سے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔حکومت کا دعویٰ ہے وزیر اعظم سے ن لیگ کے 15اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی لیکن ان میں سے صرف پانچ ارکان نے ملاقات کا اعتراف کیاجبکہ دیگر چند اراکین نے وزیراعظم سے ملاقات کے حوالے سے تردیدی بیان جاری کئے ۔روزنامہ 92نیوزکو مسلم لیگ (ن)کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطااﷲ تارڑنے بتایا کہ پارٹی کے پنجاب کے صدر رانا ثناء اﷲ کی گرفتاری کی وجہ سے جماعت کے دیگر معاملات وقتی طور پر تعطل کا شکار ہوئے لیکن پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے پانچ ممبران صوبائی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ ہوچکا ہے اور ایک دو روز میں ان کو نوٹس موصول ہوجائیں گے ۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی اعلیٰ قیادت کو حکومت سے رابطے میں دیگر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا علم ہے تاہم پارٹی اس وقت مشکل ترین حالات سے گزر رہی ہے جس کے پیش نظر اعلیٰ قیادت کی ہدایات ہیں کہ حکومتی رابطوں میں جماعت کے ممبران اسمبلی کے نام فی الحال منظر عام پر نہ لائے جائیں۔