لاہور(حافظ فیض احمد) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے وزیر اعظم،حکومت، عدلیہ ، حساس و دیگر اداروں کیخلاف منفی پراپیگنڈا کرنے اورعوام میں منافرت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی شروع کر دی ہے اور ان سے متعلق مواد حاصل کرلیا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں ان کو گرفتار کر لیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام نے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم،حکومت، عدلیہ، حساس اور دیگر اداروں کیخلاف اشتعال انگیزی ، منفی پراپیگنڈا اور منافرت پھیلانے والے افراد اور گروہوں کیخلاف کریک ڈائون تیز کر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر ایسی شر انگیز تحاریر کی مانیٹرنگ شروع کر دی ہے ۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو بعض افراد کی جانب سے شکایات بھی موصول ہوئی ہیں کہ ان کیخلاف سوشل میڈیا منفی پراپیگنڈاہو رہا ہے اور منافرت پھیلائی جائی رہی ہے اور ایسی جھوٹی باتیں منسوب کی جاتی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا بالخصوص سیاسی مخالفین کو جھوٹ کا سہار لیکر حدف تنقید بنایا جاتا ہے جبکہ مذہبی منافرت پھیلانے کیلئے بھی سوشل میڈیا پر شر انگیز مواد اپ لوڈ کیا جاتا ہے ۔ اسی طرح اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کیلئے بھی سوشل میڈیا کے مختلف ذرائع کو استعمال کیا جاتا تاکہ اپنے مذمو م مقاصد کو حاصل کیا جاسکے ، ان سب کے سدباب اور مانیٹرنگ کے عمل کو مزید سخت کرنے کیلئے با قاعدہ احکاما ت جاری کئے گئے ہیں اور پنجاب کے تمام بڑے شہروں جن میں لاہور،راولپنڈی،گجرات،گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد،ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور اور دیگر کے افسروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر اس سلسلہ میں کریک ڈاؤن کریں ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم گوجرانوالہ آصف اقبال نے چند روز قبل کارروائی کرتے ہوئے ایک پرائیویٹ فرم میں کام کرنیوالے سول انجینئر کو گرفتار کیا تھا جو سوشل میڈیا پر عدلیہ ،حکومت اور حساس اداروں کیخلاف منفی پراپیگنڈا کر رہا تھا ،ملزم سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس حوالے سے مزید افراد اور گروہوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور آئندہ چند روز میں ان کو بھی گرفتا ر کر لیاجائیگا۔