لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے اہم ترین سرکاری دورے کو لوکل سیاست کی نذر کردیا ہے ۔ امریکہ میں وزیر اعظم کا خطاب عالم اسلام کے کسی رہنما یا وزیر اعظم کا نہیں بلکہ اپنی پارٹی کے چیئرمین کے طور پر تھا۔گھر کے کپڑے باہر دھونے کے بجائے وزیر اعظم کو عالم اسلام کے مسائل پر بات کرنی چاہئے تھی ۔گزشتہ روز منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کو کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کا خیال کیوں نہیں آیا، انتہائی اہم مسائل کو نظر انداز کردیا گیا۔ہمیں اب امریکہ کے ڈو مور کے کسی مطالبے پر کان نہیں دھرنا چاہئیں۔امریکہ ہمیشہ اپنی منواتا اور پاکستان پر الزامات لگاتا رہا ہے ۔ موجودہ حکومت نام نہاد سپر پاور کی خوشامد کرنے میں سابق حکومتوں پرسبقت لے جانے کی کوشش کررہی ہے ،ہمیں اب امریکی معاملات سے کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہئے ۔ انتخابات کے بعد خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع باقاعدہ قومی دھارے میں شامل ہوگئے ہیں ،اب ان علاقوں کا بھی حق ہے کہ انہیں لاہور ، کراچی اوراسلام آباد جیسے شہروں کے برابر حقوق دیئے جائیں،انکی 70سالہ محرومیوں کا اب ازالہ ہونا چاہئے ،ان علاقوں کو این ایف سی ایوارڈ سے تین فیصدفنڈز اور سی پیک میں حصہ ملنا چاہئے ۔علاقے کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کیلئے سو ارب روپے کے فوری پیکیج کے اعلان پر جلد از جلد عمل کیا جائے ۔ قبائل نے قیام پاکستان سے قبل جن مصائب اور پریشانیوں کا سامنا کیا تھا قیام پاکستان کے بعد بھی انہی مشکلات کا شکار ہیں ۔