لاہور( حافظ فیض احمد) وزیر اعظم عمران خان نے ریلوے حکام سے محکمہ کی اراضی کو کمرشل استعمال میں لانے ، قبضے واگزار کرانے اور انسداد تجاوزات کیلئے پلان مانگ لیا ہے جبکہ ریلوے کے شعبہ لینڈ نے اس حوالے سے تیاریاں شروع کرتے ہوئے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو محکمہ کی اراضی، پرائم جگہوں، قبضوں، مقدمات اوردرپیش مشکلات کی تفصیلات ارسال کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیرا عظم عمران خان نے ریلوے کی بریفنگ کے دوران ریلوے انتظامیہ سے کہا کہ انہیں ریلوے اراضی کو کمرشل استعمال میں لانے اور قبضہ گروپس کیخلاف کارروائی کیلئے پلان تیار کر کے دیا جائے تاکہ پرائم زمین پر پٹرول پمپ اور ہوٹل تیار کر کے اس سے اربوں روپے کمائے جا سکیں۔ اسی طرح ایسی قیمتی اراضی جس پر قبضہ کیا گیا ہے اسے فوری واگزار کرایا جائے جس کیلئے تمام وسائل استعمال میں لائے جائیں۔ وزیر اعظم کی جانب سے پلان مانگنے پر ریلوے کے شعبہ لینڈ نے لاہور سمیت تمام ڈی ایس سے ریلوے اراضی کے متعلق تفصیلی رپورٹ مانگ لی ہے جس میں پرائم جگہ کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ایسی زمین کو کمرشل استعمال میں لا یا جا سکے ۔ قبضہ گروپس کیخلاف کارروائی کرنے کیلئے بھی پلان تیار کیا جا ریا ہے ۔دریں اثنا ریلوے کی جانب سے لاہور سمیت دیگر ڈویژنوں میں قبضہ گروپس کیخلاف کارروائی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔لاہور سمیت بعض علاقوں میں قبضہ گروپس سے کروڑوں روپے مالیت کی زمین واپس لے لی گئی ہے ۔ ریلوے کے شعبہ لینڈ کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ چھوٹے تجاوزات کنندگان کے بجائے بڑے قبضہ گروپوں کیخلاف پہلے مرحلہ میں کارروائی کی جائے اور ان سے ہر صورت محکمہ کی اراضی واپس لی جائے ۔ قبضے واگزار کرانے اور انسداد تجاوزات کیلئے ریلوے پولیس کیساتھ ڈسٹرکٹ پولیس کی خدمات بھی حاصل کی جائینگی۔ ریلوے کی بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائینگے اور ایسی زمینوں پر گرین پاکستان کیلئے درخت لگائے جائینگے ۔