اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ، صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا استعفیٰ نامنظور کر تے ہوئے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا سیل کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور اپنا استعفی پیش کیا جو وزیراعظم نے قبول نہیں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا جو ثبوت اور وضاحت عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے پیش کی گئی وہ اس سے مطمئن ہیں ۔ وزیر اعظم نے انہیں بطور معاون خصوصی کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نے عاصم سلیم باجوہ سے کہا آپ نے جو جواب دیا وہ سیرحاصل ہے ۔ کسی بھی فورم پر دفاع کرنا پڑتا ہے تو کریں ،یہ کوئی بری بات نہیں۔ سوالات جو آپ اور آپ کے خاندان کی پوزیشن کے حوالے سے اٹھائے گئے تھے آپ نے ان کا تسلی بخش جواب دیا لہذا کوئی وجہ نہیں رہ جاتی آپ استعفیٰ دیں ۔