لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )سینئر صحافی اور تجزیہ کار رانا عظیم نے کہا ہے عمران خان نے کشمیر، کورونا،منی لانڈرنگ اور اسلام کی بات کی، اس بات کو اجاگر کیا کہ مسلمانوں کو کس چیز سے تکلیف پہنچتی ہے ،انہوں نے نریندر مودی اور آر ایس ایس کو بے نقاب کیا۔پروگرام دی لاسٹ آورمیں اینکر پرسن یاسر رشیدسے گفتگو میں انہوں نے کہاعمران خان کی تقریر کے دوران بھارتی مندوب اٹھ کر چلے گئے جو پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی ہے ۔نوازشریف کے ٹویٹ کے بعدان کی کچن کیبنٹ کے کچھ لوگوں کی میٹنگ ہوئی جس میں فیصلہ ہوا کہ اگر میاں صاحب نے یہی رویہ رکھا تو پھر ہم انکو سمجھائیں گے ،اگر وہ نہ سمجھے تو ہم کنارہ کشی کرلینگے ۔ایڈیٹر روزنامہ 92نیوز اسلام آباد رائو خالد نے کہا وزیر اعظم کی تقریر میں سچائی تھی ،عمران خان نے امن کیلئے ہر ایک کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے ،بھارت نے پاکستان کی طرف سے امن کے بڑھائے ہاتھ کو جھٹک دیا،نوازشریف کو علم ہوگیا عمران خان ہماری جان چھوڑنے والا نہیں اور ہمارے کیسز ختم نہیں ہونگے تو پھر انہوں نے اپنا آخری حملہ فوج کی طرف رخ کرکے کیا ہے مگر وہاں پر بھی ان کو منہ کی کھانی پڑی ہے ۔ایڈیٹر روزنامہ 92نیوز کراچی سعید خاور نے کہا وزیر اعظم کی تقریر ایشوز سے متعلق تھی،پچھلی بار بھی انہوں نے مردانگی سے عالم اسلام اور پاکستان کا مقدمہ پیش کیا تھا،اب بھی مجھے ان کی تقریر میں رجب طیب اردوان کی جھلک نظرآئی۔بیوروچیف اسلام آباد سہیل اقبال بھٹی نے کہا عمران خان کو تقریر کرنے کا خصوصی ملکہ حاصل ہے ،انہوں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی،اقوام متحدہ مینڈیٹ پورا نہیں کررہی،مسلم امہ پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں،عمرا ن خان کو اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ ان کے کچھ وزرا اور بیوروکریٹ جی ایچ کیو، نیول ہیڈ کوارٹرز،ائیر ہیڈ کوارٹرز سے براہ راست رابطہ اورملاقاتیں کرتے ہیں ،اب انہوں نے معاملے کا نوٹس لیا،تحریری طورپر تمام وزرا کو کہا گیا کہ آپ لوگ براہ راست ملاقات نہیں کرینگے ، رابطہ وزارت دفاع کے راستے سے ہوگا ۔