لاہور(92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت پر تفصیلی بات چیت ہوئی اورپنجاب میں سی پیک پراجیکٹس پر کام کی رفتارتیز کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ملاقات میں شعبہ زراعت کی پائیدار ترقی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیااوراس امر پر اتفاق کیاگیا کہ زرعی شعبے کے فروغ کیلئے ریسرچ پر مزید فوکس کیا جائے گا۔ملاقات میں فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے لئے نئے بیج متعارف کرانے کی ضرورت پر زوردیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سی پیک منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے ۔سی پیک سے معیشت بہتر ہوگی۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے لئے ناگزیر اہمیت کا حامل ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اوررکن پنجاب اسمبلی سردارآفتاب خان نے ملاقات کی۔راجہ یاسر ہمایوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے ترقیاتی فنڈز کو بروقت استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے ۔جاری سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔ ایک دوسرے اجلاس میں لوکل گورنمنٹس سے متعلقہ امور کا جائزہ لیاگیا۔پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت نچلی سطح پر ترقیاتی سکیموں پرکام شروع کرنے پر بھی غورکیاگیا۔اجلاس میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت فنڈز استعمال کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے لاہور میں سٹریٹ لائٹس کی بندش اوردیگر مسائل پر لاہورمیٹروپولیٹن کارپوریشن کے حکام کی سرزنش کی اورکارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی جبکہ فرائض سے غفلت برتنے پر لاہورمیٹروپولیٹن کارپوریشن کے چیف میونسپل آفیسر علی بخاری کو عہدے سے ہٹا دیاگیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لاہور میٹروبس سروس کے بعض سٹیشن پر لائٹس بند ہونے کاسخت نوٹس لیا اور حکام کو سٹیشن پر لائٹس فنکشنل رکھنے کی ہدایت کی ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے چنیوٹ کے علاقے رجوعہ میں لڑکی سے زیادتی کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ،بعدازاں پولیس نے مقدمے میں نامزدتین ملزمان کوگرفتارکرلیا۔اسی طرح وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ کے تھانہ شہر سلطان کی حدود میں ملزم کے ہاتھ کاٹنے کے واقعہ پر آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی۔