اسلام آباد (سید نوید جمال) وزیر اعظم نے اسلام آباد میں زمینوں کی خرید و فروخت کی آڑ میں لوگوںکو لوٹنے والے مافیا کیخلاف شکایات کا نوٹس لے لیا ۔ عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعظم شکایات سیل نے متاثرہ شہریوں کی درخواستوں کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو ہدایات جاری کیں کہ وہ لینڈ مافیا کے بارے میں تحقیقات کر کے وزیر اعظم شکایات سیل کو 15روز میںرپورٹ فراہم کریں ۔ متاثرہ شہریوں کی جانب سے وزیر اعظم کو بھیجی گئی درخواستوں میں ان کی توجہ مقامی سطح پر پراپرٹی کی خرید و فروخت میں ملوث ایسے گروہوں کی جانب مبذول کرائی گئی تھی جوکھلے عام لوگوںکو لوٹنے میں مصروف جبکہ پولیس اور انتظامیہ کارروائی سے گریزاںہیں، اکثر پولیس ہی کی سرپرستی میں گھنائونے کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں ۔