اسلام آباد(نیٹ نیوز)ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے صحافی ندیم ملک کے یوٹیوب اکاؤنٹ سے وزیر اعظم عمران خان کا انڈیا کے زیر انتظام کشمیر سے متعلق جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام حذف کرنے پر معذرت کر لی ۔ٹوئٹر پر معذرتی ٹویٹ میں یوٹیوب نے لکھا ’آپ کے صبر کا شکریہ۔ ویڈیو کو غلطی سے حذف کر دیا گیا تھا اور اب اسے بحال کر دیا گیا ،ہمیں افسوس ہے کہ ایسا ہوا۔ یاد رہے اس سے قبل یوٹیوب نے ندیم ملک کو ایک ای میل کے ذریعے بتایا تھا کہ ’یوٹیوب کمیونٹی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر اس ویڈیو کو حذف کیا جا رہا ہے ۔‘تاہم حذف ہونے کے کچھ گھنٹوں بعد اس ویڈیو کو بحال کر دیا گیا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز بوسنیا کے شہر سربرینیکا میں مسلمانوں کے قتل عام کے 25 سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی پیغام میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں بھی اسی طرح کی نسل کشی کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔