وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجی سکولوں کی فیس 20 فیصد کمی کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ لاک ڈائون کے دوران صوبہ بھر کے نجی سکول پوری فیس نہیں لیں گے۔ کوئی نجی سکول ایک ماہ سے زیادہ فیس نہیں لے گا اوران کے اساتذہ اور عملہ کو فارغ نہیں کیا جا سکے گا۔ موجودہ حالات میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو انتہائی بروقت اور خوش آئند قرار دیا جا سکتا ہے کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے نجی سکولوں کے بچے نہ صرف سکولوں میں نہیں جا رہے بلکہ ان کی تعلیمی سرگرمیاں معطل ہونے کے باعث ان کے والدین ، اساتذہ اور سکولوں کے عملہ کے افراد بے یقینی کی عجیب کیفیت کا شکار ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی طرف سے فیسوں میں 20 فیصد کمی کے اعلان سے انہیں مالی لحاظ سے ایک ریلیف مل گیا ہے تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ اس اعلان پر عملدرآمد کو یقینی اور نجی سکولوں کی انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ وہ اس کی پابندی کریں ۔ اس سلسلہ میں صوبائی محکمہ تعلیم اور دوسرے متعلقہ اداروں کو چاہئے کہ وہ اس سارے عمل کی نگرانی کریں تاکہ لاک ڈائون کے باعث سکولوں میں نہ آ سکنے والے بچوں اور ان کے والدین کومشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ وزیر اعلیٰ کے اعلان کردہ پروگرام کے مطابق سہولت کے ساتھ ایک ماہ کی فیس 20 فیصد کمی کے ساتھ نجی سکولوں میں جمع کرا سکیں۔ نجی سکولوں کی انتظامیہ کو بھی چاہئے کہ وہ وزیراعلیٰ کے اعلان کا اپنے ہاں پوری روح کے ساتھ اطلاق کریں۔