لاہور(خصوصی نمائندہ) صوبائی وزیر براے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر ِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے سیاسی مخالفین اور ناقدین کے تمام تر دعووں کو غلط ثابت کرتے ہوئے گزشتہ ایک سال میں اپنی انتظامی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور اپنے آپ کو وسیم اکرم پلس ثابت کیا ہے ، آل شریف کی طرح سٹیج پر بڑھکیں مارنے ، مائیک گرانے اور ذاتی اشتہار بازی پر عوام کے 52 ارب روپے ضائع کرنے کی بجائے خاموشی سے بطور وزیرِ اعلیٰ اپنی تقرری کو صحیح ثابت کرکے دکھا دیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ان پر اعتماد درست تھا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے حکومت پنجاب کی ایک سالہ کارکردگی سے متعلق پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ، صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ صحت میں 14 ہزار نئے ڈاکٹرز، 18000 ہیلتھ کیئر ورکرز اور 300 کنسلٹنٹس کی بھرتی عمل میں لائی گئی ہے ،پنجاب بھر کے 20 اضلاع میں سات لاکھ بیس ہزار مالیت کے صحت انصاف کارڈز کی فراہمی اور ہسپتالوں میں تیمارداروں کے لیے مہمان خانوں کا قیام غریب عوام کے لیے موجودہ حکومت کا تحفہ ہیں۔