لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )ملک بھر کے چڑیاگھروں اور وائلڈلائف پارکس کی ایسوسی ایشن تشکیل دی جائے جس میں تمام صوبوں اور آزاد کشمیر کے جنگلی حیات کے وزراء اورڈائریکٹرجنرل وائلڈلائف شامل ہوں تاکہ وہ نہ صرف ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوسکیں بلکہ تمام صوبے اپنے چڑیاگھروں اور وائلڈلائف پارکس میں سرپلس جانوروں کاتبادلہ بھی کرسکیں ۔ صوبائی وزیر جنگلات ، جنگلی حیات وماہی پروری محمد سبطین خان نے اس ضمن میں تمام معاملات کوحتمی شکل دینے اور ایسوسی ایشن کیلئے رولز اینڈ ریگولیشن بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ فوری طور پر وزیراعظم سے منظوری حاصل کی جاسکے ۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز یہاں کوپر روڈ پر فاریسٹ کمپلیکس میں لاہورچڑیاگھر اور سفاری زوکے حوالے سے بریفنگ کے دوران کی ۔ اس موقع پر چیف کنزرویٹرآف فاریسٹ سنٹرل زون سیداعجازحسین شیرازی ،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈکوارٹرز محمدنعیم بھٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر سفاری زو چودھری شفقت علی ، ڈائریکٹر لاہورچڑیاگھر حسن علی سکھیرا اورڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہورچڑیاگھر اورسفاری زو کو جدیدخطوط پر استوارکرنے کیلئے جامع منصوبہ بناکر پیش کیاجائے تاکہ شائقین دلچسپی کامزید سامان پیدا کیاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چڑیاگھر اور سفاری زو میں آنیوالے شائقین خصوصاً بچوں کی تفریح کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں ۔ جانوروں کے ادھورے جوڑے مکمل کرنے کیلئے مکمل منصوبہ ترتیب دیکر پیش اور چڑیاگھرمیں ہاتھی لانے کو عمل کومزید تیزکیا جائے ۔