اسلام آباد(سٹاف رپو رٹر،آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم سوری اور سرداراختر مینگل نے ملاقات کی، ملاقات میں آواران میں مبینہ گرفتار خواتین کے معاملے پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری اور سردار اختر خان مینگل پر مشتمل وفد نے ڈپٹی سپیکر کے چیمبر میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے جمعہ کو ملاقات کی جس میں سردار اختر مینگل اور قاسم سوری کی جانب سے آواران میں مبینہ گرفتار خواتین کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے معاملے پرشرکاء کو اعتماد میں لیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ ہم قبائلی روایات اور بلوچستان کے عوام کی قدر کرتے ہیں اور اس ملاقات کامقصد ہی مسئلے کامثبت اور بروقت حل نکالنا ہے اور ہم جلد ہی اس مسئلے کو حل کر لیں گے ۔