اسلام آباد(خبر نگار)پاکستان بار کونسل نے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل انور منصور خان کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے ۔وائس چیئر مین پاکستان بار کونسل عابد ساقی نے آرٹیکل204کے تحت دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت صدارتی ریفرنس کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کرنے والے بنچ کے بعض معزز ججوں کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے ، الزامات لگانے کا مقصد عدلیہ کو دبائو میں لانا اور ججوں کو بلیک میل کرنا ہے ،الزمات حکومت کی ایما پر عائد کئے گئے ۔ قبل ازیں ایک اعلامیہ میں صدر سپریم کورٹ بارسید قلب حسن اور وائس چیئر مین عابد ساقی نے اٹارنی جنرل انور منصور خان کے عدلیہ مخالف بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اٹارنی جنرل نے حکومت کی ایما پر بیان دیا،اٹارنی جنرل تحریری معافی نامہ کے ساتھ استعفیٰ بھی پیش کریں۔