لاہور(کامرس رپورٹر،وقائع نگار،92نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سانحہ حفیظ سنٹر کے متاثرین کیلئے 5 ارب روپے کے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا۔یہ اعلان وزیراعلیٰ نے لاہور چیمبر کے دورہ کے دوران تاجروں سے خطاب کے دوران کیا۔ چیف منسٹر نے ایک گھنٹہ سے زیادہ وقت لاہور چیمبر میں گزارا اور حفیظ سنٹر کے متاثرین کی رودادسنی۔ انہوں نے کہا کہ حفیظ سنٹر میں ہونے والے مالی نقصان پر دلی دکھ ہوا،مشکل گھڑی میں ہم 207 متاثرہ دکانداروں اوردیگر افراد کے ساتھ کھڑے ہیں ،پنجاب حکومت متاثرین کے کاروبار کی بحالی کے لئے بینک آف پنجاب کے اشتراک سے انتہائی آسان شرائط پر قرض فراہم کرے گی اوراس مد میں 5 ارب روپے مختص کئے ہیں ، حکومت کی سکیم کے تحت متاثرین اپنی دکان کی مرمت کر کے قابل استعمال بنا سکتے ہیں یا نئی دکان خرید سکتے ہیں ۔حکومت اس ریلیف پیکیج کے تحت مارک اپ کی سبسڈی کی مد میں تقریبا 1.6 ارب روپے دے گی۔مستقبل میں حفیظ سنٹر میں آتشزدگی جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کریں گے ۔صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں طارق مصباح الرحمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰنے پوری طرح سپورٹ کیا ہے ۔مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے شکر گزار ہیں ۔تاجر رہنما حفیظ سنٹر فیاض بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ تاجروں کے لئے بڑا ریلیف پیکیج دیا ہے ۔ تاجر رہنما حفیظ سنٹر ملک کلیم نے کہا کہ تاجر آپ کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔علاوہ ازیں پنجاب بھر میں 350 سستے سہولت بازاروں کا قیام عمل میں لایاگیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اورسہولت بازاروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 840 روپے میں دستیاب ہے جبکہ10 کلو آٹے کا تھیلا 420 روپے میں فراہم کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سستے سہولت بازاروں کا قیام تحریک انصاف کی حکومت کا عوام کو ریلیف دینے کیلئے مثالی اقدام ہے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے صادق آباد کے نجی ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی سے 2بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ۔میلاد النبی ؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرور کونین کی بعثت سسکتی، مرجھائی اور جہالت میں ڈوبی انسانیت کیلئے ابربہار کی حیثیت رکھتی ہے ۔حضورکریمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا،آپؐ کی زندگی مجسم قرآن ہے جس میں مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے ۔رسولِ اکرمؐ کی سنت سے مسائل کا حل افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے نکالنے کا درس ملتا ہے ۔